Science

6/recent/ticker-posts

سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا کیمیکل پلانٹ لگانے کا معاہدہ

سعودی عرب میں 20 ارب ڈالر کی لاگت سے دنیا کا سب سے بڑا کیمیکل پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پا گیا جس کے ذریعے ریاست میں 30 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔ سعودی آئل کمپنی آرامکو اور سابک (سعودی عربین بیسک انڈسٹریز کوآپریشن) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے جس کے مطابق 20 ارب ڈالر کی لاگت سے دنیا کا سب سے بڑا کیمیکل پلانٹ لگایا جائے گا جس میں خام تیل (کروڈ آئل) آئل کے ذریعے کیمیکل بنایا جائے گا، اس اقدام کا مقصد تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث پیدا شدہ مالی بحران کو کیمیکل کی فروخت سے سہارا دینا ہے اور سعودی عرب کے دو بڑے صنعتی اداروں کی شراکت داری سے ایک نئی جدت پیدا کرنا ہے۔

سابک کے سی ای او عبداللہ البنیان نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030ء کے تحت اٹھایا جا رہا ہے جس کے ذریعے صنعتی شعبے کی سرمایہ کاری میں یک دم اضافہ ہو گا اور مقامی افراد کے لیے نوکریاں پیدا ہوں گی، اس انڈسٹریل کمپلیکس سے ریاست کی اقتصادی نمو میں اضافے میں مدد ملے گی۔ سعودی تیل کمپنی آرامکو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کمپلیکس سال 2025ء تک مکمل ہو کر کام شروع کر دے گا، اس میں یومیہ 4 لاکھ بیرل خام تیل پروسس کیا جائے گا جس سے سالانہ مد میں تقریباً 9 ملین ٹن کیمیکل حاصل ہوگا، آرامکو اور سابک کے مطابق اس ضمن میں دونوں کمپنیاں یکساں رقم کی سرمایہ کاری کریں گی، کمپلیکس کے نتیجے میں بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 30 ہزار سے زائد افراد کو روزگار حاصل ہو گا جس سے سعودیہ عرب کی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد حصہ شامل ہو گا۔
 

Post a Comment

0 Comments