Science

6/recent/ticker-posts

ابن سینا عظیم طبیب اور سائنس دان

ابن سینا 980ء میں بخارہ (موجودہ ازبکستان) کے نزدیک ایک قصبے میں پیدا ہوئے۔ آپ کی ابتدائی تعلیم اسی قصبے کے ایک مقامی سکول میں جاری تھی کہ آپ کے والد آپ کو بخارہ لے آئے اور یہاں آپ نے باقاعدگی سے تعلیم حاصل کی۔ آپ نے علم ریاضی، فلسفہ اور اسلامی تعلیم میں خاص دلچسپی لی۔ ابن سینا ایک ذہین طالب علم تھے۔ آپ نے دس سال کی عمر میں ہی قرآن شریف حفظ کر لیا تھا۔ اسلامی تعلیم کے ساتھ فلکیات، ریاضی اور سائنس میں خاص طور سے دلچسپی لینا شروع کر دی۔ وہ رات دن پڑھائی میں مصروف رہتے تھے۔ اس کے علاوہ تحقیقی کاموں میں بھی اپنے آپ کو مشغول رکھتے تھے۔ 

ابن سینا کو علم طب میں کافی مہارت حاصل تھی۔ آپ بخارہ میں ایک قابل حکیم کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے نیز غریب اور امیر سب کا علاج کرتے تھے۔ آپ اپنی پریکٹس کے ساتھ ساتھ نئی نئی دواؤں کو بنانے اور ان کو استعمال کر کے ان کے ردعمل پر تحقیق بھی کرتے تھے۔ ابن سینا کے بارے میں مشہور ہے کہ ایک مرتبہ بخارا کے بادشاہ سخت بیمار ہو گئے۔ ابن سینا کو بغرض علاج طلب کیا گیا۔ آپ نے بادشاہ کا پوری توجہ سے علاج کیا اور اس طرح بادشاہ صحت مند ہو گئے۔ اس واقعہ سے ابن سینا کی مقبولیت میں اضافہ ہو گیا۔ دور دور سے لوگ آپ کو دکھانے آنے لگے۔ ابن سینا اب خوش حال نظر آنے لگے ۔ 

ابن سینا نے علم و سائنس پر بہت سی کتابیں لکھیں جن میں آپ نے اپنے سائنسی تجربات تحریر کیے۔ آپ نے علم طب پر بھی کتابیں لکھیں۔ ان میں سب سے زیادہ مشہور کتاب ’’القانون‘‘ ہے۔ اس کتاب میں مختلف طرح کے نسخے، بیماریاں اور تجربات کی تفصیل درج ہے۔ اس کتاب کے دوسری زبانوں میں ترجمے کیے گئے۔ طبی علوم میں یہ کتاب سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ابن سینا ایک اعلیٰ پیمانے کے فلسفی، سائنسدان اور قابل حکیم تھے۔ ان کی ساری عمر سائنس کے فروغ کے لیے تھی۔ اس عظیم سائنسدان نے بہت سی ایجادات کیں اور انسان کی فلاح و بہبود کے لیے بہت کچھ کیا۔ ابن سینا اس زمانے کے سائنس دان تھے جب سائنس نے بہت زیادہ کامیابی حاصل نہیں کی تھی۔ اس کے باوجود ابن سینا نے اپنی کوششوں کی بنیاد پر سائنس کو فروغ دیا۔

احرار حسین


Post a Comment

0 Comments