ابو یوسف یعقوب ابن اسحاق الکندی کا شمار اسلامی دنیا کے اوّلین حکما اور فلسفیوں میں ہوتا ہے۔ فلسفہ کے علاوہ انہوں نے حساب، طب، فلکیات اور موسیقی میں بھی مہارت حاصل کی۔ الکندی کے نمایاں کارناموں میں سے ایک کارنامہ، اسلامی دنیا کو حکیم ارسطو کے خیالات سے روشناس کرنا تھا۔ قرون وسطیٰ کے زمانے میں ان کو چند بڑی اور نمایاں شخصیات میں شمار کیا جاتا تھا۔ یعقوب کندی ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے اس لیے ان کی تحقیق کا دائرہ بہت وسیع تھا۔ ریاضی، طبیعیات، فلسفہ، ہیئت، موسیقی، طب اور جغرافیہ جیسے علوم پر انہوں نے اعلیٰ پائے کی کتب تحریر کیں۔ وہ یونانی و سریانی زبانوں پر بھی مہارت رکھتے تھے۔
الکندی 801ء میں عراق کے شہر کوفہ میں ایک صاحب ثروت خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہیں ’’عربوں کا فلسفی‘‘ اور ’’عربی فلسفہ کا باپ‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ الکندی مسلمانوں میں ارسطو کی تتبع میں جاری ہونے والی فلسفیانہ روایت کے بانیان میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے دنیائے اسلام میں یونانی فلسفے کے لیے فضا تیار کی اور اس کے فروغ کے لیے کوشش کی۔ نہ صرف یہ بلکہ یونانی فلسفیانہ مزاج سے اسلامی مزاج کو ہم آہنگ کرنے کے لیے انہوں نے علمی سطح پر کاوشیں کیں اور فلسفہ اور مختلف اسلامی علوم جیسے الہٰیات کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ ابتدائی تعلیم الکندی نے بصرہ میں حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ بغداد منتقل ہو گئے۔ الکندی کا انتقال 873ء میں ہوا۔
0 Comments