Science

6/recent/ticker-posts

بطلیموس : ماہر فلکیات، جغرافیہ دان اور ریاضی دان

بطلیموس مشہور یونانی ماہر فلکیات، جغرافیہ دان اور ریاضی دان تھا۔ وہ مصر کے معروف شہر اسکندریہ میں پیدا ہوا۔ اس نے نظریہ پیش کیا کہ زمین نظام شمسی کا مرکز ہے۔ فلکیات پر تیرہ مقالوں پر مشتمل اس کی کتاب ’’المجستی‘‘ بہت مشہور ہے۔ پہلے دو تمہیدی مقالوں میں فلکیات کے مبادیات اور ریاضی کے طریقوں کی تفصیل دی گئی ہے۔ مقالہ سوم میں ایک سال کے طول اور سورج کی حرکت پر بحث کی گئی ہے۔ مقالہ چہارم مہینوں کے طول اور چاند کے گھٹنے بڑھنے پر ہے۔ مقالہ پنجم میں سورج، چاند اور زمین کا قطر، ان کی دیگر معلومات اور سورج کے فاصلے کا بیان ہے۔

اس میں بطلیموس نے اپنا فلکیاتی نظام قائم کیا جو ڈیڑھ ہزار سال تک صحیح سمجھا جاتا رہا۔ علمی دنیا میں یہ ’’بطلیموسی نظام‘‘ کے نام سے مشہور ہے جس کے مطابق زمین ساکت اور قائم ہے اور سورج، چاند اور دیگر سیارے اس کے گرد گھومتے ہیں۔ بطلیموس کی ایک اوراہم تصنیف ’’ جغرافیہ بطلیموس‘‘ آٹھ جلدوں میں ہے۔ اپنے وقت کے علم کے مطابق اس نے فلکیات کا مفصل جائزہ لیا۔ تاہم جب سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی میں اضافہ ہوا تو یورپ میں کوپرنیکس، گلیلیو اور کپلر کی تحقیقات نے اس نظریے کو غلط ثابت کر دیا۔

الطاف خان


 

Post a Comment

0 Comments