خوارزم کے مردم خیز خطے کا ایک نام ور ریاضی دان موسیٰ خوارزمی تھا۔ نامور سائنس دان البیرونی کا تعلق بھی اسی خطے سے تھا۔ معروف سائنس دان ابو عبداللہ محمد بن احمد بن یوسف خوارزمی کا تعلق بھی یہیں سے تھا جو الکاتب کے لقب سے ملقب ہے۔ اس دانش ور کا کمال اس امر سے ظاہر ہے کہ اولین علمی انسائیکلوپیڈیا میں سے ایک اس نے تالیف کیا۔ یہ عظیم کتاب عربی زبان میں دسویں صدی عیسوی میں مدون ہوئی اور فاضل مصنف نے اس کا نام مفاتیح العلوم رکھا۔ یوسف خوارزمی کی مفاتیح العلوم سے پہلے علوم کے کئی مجموعے دیگر اہل قلم کی کاوش سے نکل چکے تھے جن میں سائنسی یا طبی معلومات جمع کی جا چکی تھیں، لیکن ان کی ترتیب مضامین کے اعتبار سے تھی۔
مفاتیح العلوم کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ موجودہ زمانے کی اصلاح کے مطابق بھی صحیح معنوں میں ایک انسائیکلوپیڈیا ہے، کیوں کہ اس کے مندرجات کی ترتیب ’’الف بائی‘‘ طریقے سے کی گئی ہے جو انسائیکلوپیڈیا کا خاص انداز ہے۔ اس میں ایک طرف سائنس کے خاص مضامین مثلاً ریاضی، ہیئت، طبیعیات، کیمیا، طب، موسیقی وغیرہ پر مقالات درج کیے گئے ہیں تو دوسری طرف دینیات، قانون، سیاست اور ادب کے متعلق بھی معلومات شامل کی گئی ہیں۔ یہ سب کچھ ’’ا ب ت‘‘ کی ترتیب سے مرتب کیا گیا ہے۔
اس تصنیف سے عندیہ ملتا ہے کہ موجودہ زمانے کے انسائیکلوپیڈیا جنہیں علوم کی اشاعت میں مغرب کی قابل قدر اختراع تسلیم کیا جاتا ہے، مفاتیح العلوم سے متاثر ہیں۔ یوسف خوارزمی کے حالاتِ زندگی تفصیل سے معلوم نہیں ہو سکے، البتہ یہ یقینی ہے کہ اس نے اپنی زندگی کا قریباً سارا زمانہ خوارزم ہی میں بسر کیا۔ ہو سکتا ہے کہ اس نے بغداد کی سیاحت کی ہو لیکن بعض دوسرے اہل علم کی طرح وہ ترک وطن کر کے بغداد میں مستقل طور پر آباد نہیں ہوا۔ وہ خوارزم ہی میں پیدا ہوا اور اسی شہر میں اس نے وفات پائی۔
0 Comments