Science

6/recent/ticker-posts

دی متری مینڈیلیو : معروف روسی کیمیا دان

دی متری مینڈیلیو فروری 1834ء کو سائبیریا میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد ایک مقامی سکول میں پرنسپل کے عہدے پر فائز تھے۔ گھر میں بہت سارے بچے تھے اور دی متری مینڈیلیو اپنے گھر میں سب سے چھوٹے تھے۔ مینڈیلیو کے دادا ایک تعلیم یافتہ اور معزز خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ آپ کے دادا نے سائبیریا میں سب سے پہلے پریس کھولا اور وہاں سے اخبار بھی نکالا۔ ان کے والد کو آنکھوں میں تکلیف کی وجہ سے سکول سے چھٹی لینی پڑی اور حالات یہاں تک آ پہنچے کہ انہیں ملازمت سے استعفیٰ دینا پڑا۔ 

گھر کے حالات ابتر ہونے لگے۔ ذرائع آمدنی نہ ہونے کی وجہ سے پریشانیاں سامنے آنے لگیں۔ اس کا اثر نہ صرف دی متری مینڈیلیو بلکہ گھر کے سب ہی افراد پر پڑا۔ گھر کی خراب حالت دیکھتے ہوئے ان کی ماں نے سائبیریا میں ہی گلاس کی فیکٹری قائم کی۔ جس سے گھر کے کچھ حالات بہتر ہوئے۔ اسی دوران مینڈیلیو کے والد کی موت بھی واقع ہو گئی اور ماں کی قائم شدہ فیکٹری میں بھی آگ لگ گئی۔ گھر کے حالات ایک مرتبہ پھر خراب ہونے لگے۔ اس خستہ حالی میں مینڈیلیو نے اپنی تعلیم جاری رکھی اور 1849ء کو ہائی سکول پاس کیا۔ مینڈیلیو کی والدہ اپنے بچوں کو لے کر ماسکو آگئیں تاکہ بچوں کی پرورش کے لیے کچھ اور بہتر ذرائع تلاش کیے جا سکیں۔ 

پریشانیوں نے انہیں وہاں بھی آگھیرا۔ مینڈیلیو کو کالج میں داخلہ کرانے میں کامیابی نہیں ملی۔ ان کے والد کے ایک دوست نے مینڈی لیو کو ایک کالج میں داخلہ دلانے میں مدد کی۔ کالج کی تعلیم کے دوران مینڈیلیو نے کافی محنت کی اور اچھے نمبروں میں امتحان پاس کیا۔ وہ گریجوایٹ ٹریننگ کے لیے فرانس اور جرمنی بھی گئے۔ کہاجاتا ہے کہ مینڈیلیو نے بن سین (Bun Sen) جیسے عظیم سائنس دان کے ساتھ کام کیا۔ اسی دوران مینڈیلیو نے کینیزارو کے لیکچر سنے اور وہ ان سے بہت متاثر بھی ہوئے۔ 1822ء میں سینٹ پیٹرز برگ آئے اور یونیورسٹی کے عہدے پر فائز ہو گئے۔

مینڈیلیو کو سائنسی تدریس میں مہارت حاصل تھی بہت تھوڑے وقفہ میں انہیں شہرت بھی ملی۔ 1868ء کے دوران مینڈیلیو نے دی پرنسپلز آف کیمسٹری لکھی۔ اس کتاب کو سائنس کی دنیا میں انتہائی اہم مقام حاصل ہے۔ مینڈیلیو نے پیروڈک ٹیبل (Periodic Table) ترتیب دی۔ یہ ٹیبل آج بھی جدید کیمسٹری میں استعمال کی جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مینڈیلیو نے تقریباً 63 قسموں کے ایلی منٹس یا عناصر کو ان کی ویلنسی (valency) کی بنا پر الگ الگ گروپ میں تقسیم کیا تھا۔ انہوں نے 1869ء میں پیروڈک ٹیبل شائع کی اور اس تحقیقی کام کی وجہ سے مینڈیلیو کو بین الاقوامی شہرت ملی۔ مینڈیلیو نے اپنی تحقیق روسی زبان میں لکھی تھی جس کو بعد میں جرمن زبان میں ترجمہ کیا گیا۔ 

آپ سائنسی کارناموں کو فروغ دینے کے لیے دن رات مصروف رہتے تھے۔ 1871ء کے جنوری کے شمارے میں جرنل آف رشین کیمیکل سوسائٹی میں آپ نے پیروڈک ٹیبل شائع کی اور کچھ نئے ایلی منٹس کی موجودگی کی طرف اشارہ کیا۔ آپ کی سائنسی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے رائل سوسائٹی لندن نے 1882ء میں ڈیوی میڈل سے نوازا۔ 1905ء میں آپ کی کتاب کا انگریزی میں ترجمہ ہوا اور 1955 میں ایک نئے ایلی منٹ کی دریافت سے پیروڈک ٹیبل میں اضافہ ہوا، اس نئے ایلیمنٹ کا نام مینڈیلیوئم رکھا گیا۔ مینڈیلیو نہ صرف ایک اچھے سائنس دان تھے بلکہ ان کی شہرت ایک اچھے انسان کی بھی تھی۔ 1906ء میں آپ کو نوبیل کمیٹی نے نوبیل انعام کا مستحق پایا۔ آپ 1907ء میں اس دنیا سے کوچ کر گئے۔ آپ کی وفات سے سائنس کی برادری میں ایک کمی محسوس کی جانے لگی۔  

احرار حسین


Post a Comment

0 Comments